سلامتی کونسل: امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنانے کی قرارداد منظور

یو این ہفتہ 25 مئی 2024 10:30

سلامتی کونسل: امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنانے کی قرارداد منظور

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 25 مئی 2024ء) سلامتی کونسل نے امدادی کارکنوں اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو تحفظ دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی ہے جس میں مسلح تنازعات کے تمام فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

15 رکنی کونسل میں اس قرارداد کے حق میں 14 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ روس رائے شماری میں غیر حاضر رہا۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے اس قرارداد میں دنیا بھر کے ممالک کو 1949 کے جنیوا کنونشن کے تحت ان کے فرائض یاد دلائے ہیں اور جن ممالک نے تاحال اس کنونشن کے اضافی پروٹوکول (1977 اور 2005) کی توثیق نہیں کی انہیں ایسا کرنے کو کہا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جنیوا کنونشن کی منظوری کو 75 برس بھی مکمل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انسانی امداد کی یقینی فراہمی پر زور

سلامتی کونسل نے تمام ممالک سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور اس سے منسلک اہلکاروں کے تحفظ کے بارے میں کنونشن پر اتفاق رائے کے امکان پر بھی غور کریں۔

قرارداد میں امدادی کارکنوں اور اقوام متحدہ کے عملے کے خلاف حملوں اور ہر طرح کے تشدد بشمول جنسی اور صنفی بنیاد پر تشدد، خطرات اور دھمکیوں کی سختی سے مذمت کی ہے۔

علاوہ ازیں، اس میں انسانی امداد کو ضرورت مندوں تک رسائی دینے سے غیرقانونی طور پر انکار اور شہری آبادیوں کو بقا کے لیے درکار ضروری اشیا سے محروم رکھے جانے کی بھی مذمت شامل ہے۔

کونسل نے مسلح تنازعات کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی متعلقہ شرائط کی مطابقت سے تمام ضرورت مند شہریوں کو انسانی امداد کی مکمل، محفوظ، تیزرفتار اور بلارکاوٹ فراہمی یقینی بنائیں۔

قرارداد میں امدادی عملے، اقوام متحدہ کے اہلکاروں بشمول ادارے کے لیے کام کرنے والے مقامی لوگوں کے تحفظ، سلامتی اور ان کی نقل و حرکت کی آزادی کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔