وئیر ہاوس میں ادویات کی وافر مقدار موجود ہے اور ضرورت کے مطابق ادویات کی سپلائی جاری ہے، وزیر صحت سید قاسم علی شاہ

ہفتہ 25 مئی 2024 16:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2024ء) صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ وئیر ہاوس میں ادویات کی وافر مقدار موجود ہے اور ضرورت کے مطابق صوبے کے تمام ہسپتالوں کو ادویات کی سپلائی جاری ہے، اس دفعہ بھی ادویات کی خریداری کیلئے تقریباً دس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے ہفتہ کو صوبے کے سات ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کو ادویات ارسال کئے جانے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے کہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ ہفتہ 25مئی کو صوبے کے سات مزید ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں، ڈی ایچ کیو ایبٹ آباد، ہری پور، کرک، کوہاٹ، مردان، نوشہرہ اور نصیراللہ بابر میموریل ہسپتال کیلئے ادویات ضروریہ کی کھیپ بھجوائی گئی۔ سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ اس سے قبل رمضان میں ہم 13 ڈی ایچ اوز اور 17 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ادویات بھیج چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے کہا کہ عوام کو صحت سے متعلق ضروریات و سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے بخوبی ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے کسی بھی ہسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی منظور نہیں اسی مقصد کو پورا کرنے کیلئے مشنری عزم کے تحت ہسپتالوں کو ادویات کی دستیابی سمیت جدید آلات، لیابارٹریز اور دیگر سہولیات سے مزین کر رہے ہیں۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ دور دراز کے ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی سے نہ صرف پشاور کے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوگا بلکہ عوام کو ان کے گھروں کی دہلیز پر ہی صحت کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :