پاکستان سے 149 پروازوں سے 35 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے

مدینہ منورہ میں 20 ہزار50 عازمینِ حج کو زیارتِ ریاض الجنہ کروا دی گئی‘ترجمان مذہبی امور

ہفتہ 25 مئی 2024 22:40

پاکستان سے 149 پروازوں سے 35 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2024ء) سعودی عرب میں پاکستانی عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 149 پروازوں سے 35 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں،مدینہ منورہ میں پری حج پروازوں کا سلسلہ گزشتہ روز اختتام پذیر، 9 جون تک تمام پروازیں جدہ اتریں گی۔ترجمان مذہبی امور کے مطابق نجی حج سکیم کے ذریعے 32 سو 46 عازمینِ حج بھی سعودی عرب پہنچ گئے‘سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے مدینہ منورہ میں 20 ہزار 50 عازمینِ حج کو زیارتِ ریاض الجنہ کروا دی گئی۔

(جاری ہے)

مدینہ منورہ میں شعبہ گمشدگی و بازیابی نے گم ہونے والے 530 بیگز تلاش کر کے مالکان کے حوالے کر دیے۔مدینہ منورہ میں راستہ بھولنے والے 61 عازمینِ حج کو تلاش کر کے انکی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا۔شعبہ شکایات نے مدینہ منورہ میں خوراک کی 304 اور ٹرانسپورٹ کی 38 شکایات کا ازالہ کیا۔مکہ مکرمہ میں 197 بیگز کو تلاش کیا گیا جبکہ راستہ کھونے والے 17 عازمینِ حج کو رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا۔ترجمان کے مطابق حرم مکی میں داخلی راستوں پر تعینات حرم گائیڈز نے اب تک 45 سو عازمینِ حج کو رہنمائی فراہم کی۔