ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صوبائی وزیر بلدیات پنجاب

اتوار 26 مئی 2024 20:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2024ء) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مفاد عامہ میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ترجیحات میں شامل ہے تاہم ترقیاتی منصوبوں کو خامیوں سے پاک اور معیار کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ عوام الناس ان سے عرصہ دراز تک مستفید ہوسکیں۔

یہ بات انہوں نے ڈسکہ میں میونسپل کمیٹی ریسٹ ہاؤس میں عوامی کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سننے کے دوران کہی۔ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف، چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عبد الحئی، میان ندیم کے علاوہ سرکاری محکموں کے مقامی حکام، مسلم لیگ ن کے عہدیداران اور ورکرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈسکہ شہر کو مسائل سے پاک کرنے اور شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کیلئے نکاسی کے جامع منصوبے پر کام جاری ہے، ڈسکہ شہر کو تین زون میں تقسیم کردیا گیا ہے جہاں نئی سیور لائنز اور ڈرینز تعمیر کی جارہی ہیں وہی پر پہلے سے موجود سیور لائنز اور ڈرینز کی ڈی سلٹنگ جارہی ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ عیدالاضحٰی کی آمد آمد ہے، مویشیوں کی فروخت کے لئے آنے والے بیوپاریوں کے لئے ہر صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں مویشی قائم کی جائیں گی اور منڈیوں میں ہر ممکن سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ای کیٹل مارکیٹ کا قیام ایک اہم پراجیکٹ ہے، صارفین کی سہولت کیلئے 1233 ہیلپ لائن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ آن لائن خریداری پر پے منٹ آن ڈیلیوری کی سہولت دی گئی ہے،کیٹل مارکیٹس میں صفائی کے معاملات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی کیٹل مارکیٹس ہرگز قائم نہیں کرنے دی جائیں گی۔

اوور چارجنگ کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا، ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مارکیٹس کی نگرانی کی جائے گی۔ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر 20 ماڈل مارکیٹس قائم کی جا رہی ہیں۔