میٹروپولیٹن کارپوریشن کی بلدیہ پلازہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی، 4 افراد گرفتار

جمعہ 19 ستمبر 2025 19:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ کی ہدایت پر بلدیہ پلازہ اور اطراف میں تجاوزات و قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی کے دوران فٹ پاتھوں اور سڑکوں کو غیرقانونی قبضوں سے صاف کر کے عوامی آمد و رفت کیلئے بحال کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اس آپریشن میں انسداد تجاوزات آفیسر علی رضا درانی اور اسپیشل مجسٹریٹ لیاقت جتوئی بھی موجود تھے۔کارروائی کے دوران غیرقانونی قبضہ کرنے اور رکاوٹ ڈالنے پر 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ متعدد دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ فٹ پاتھ اور سڑکیں عوامی ملکیت ہیں، ان پر ذاتی قبضہ نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ شہریوں کے روزمرہ معمولات میں بھی رکاوٹ بنتا ہے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تجاوزات کے خلاف مہم بلا امتیاز جاری رہے گی اور شہر کو صاف، منظم اور عوام دوست بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔