کاشتکار گندم کی کٹائی والی مشینوں سے دھان کی برداشت کے لیے خصوصی پرزے استعمال کریں،محکمہ زراعت

پیر 10 نومبر 2025 12:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2025ء) نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو دانوں کو ٹوٹنے سے بچانے کےلئے گندم کی کٹائی والی مشینوں سے دھان کی کٹائی میں خصوصی پرزے استعمال کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہاہے کہ کاشتکار دھان کی کٹائی بذریعہ مشین کرتے وقت تسلی کر لیں کہ مشین کا گیئر، تھریشنگ ڈرم اور پنکھے کی رفتار مشین کے ساتھ فراہم کردہ ہدایت نامہ کے مطابق ہو۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کاشتکار دھان کی کٹائی اور پھنڈائی مناسب وقت پر شروع کریں کیونکہ اچھی پیداوار حاصل کرنے کےلئے مناسب وقت پر کٹائی اور پھنڈائی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کٹائی کا مناسب وقت وہ ہے جب دانوں میں 20سے 22فیصد تک نمی ہو اور یہ نمی اس وقت ہوتی ہے جب سٹے کے اوپر والے دانے پک چکے ہوں جبکہ نیچے والے دانے ہرے ہوں لیکن بھر چکے ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے کٹوانی ہو تو ایسی کمبائن ہارویسٹر استعمال کی جائے جس میں دھان کی کٹائی کےلئے ایڈجسٹمنٹ ممکن ہو تاکہ دانے کم ٹوٹیں اور اگر ایسا نہ ہو سکے تو کمبائن کی رفتار آہستہ رکھی اور فصل کونسبتاً اونچا کاٹاجائے کیونکہ اس طرح دانے کم ٹوٹتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کٹائی کے بعد فصل کو کھیت میں پڑا نہ رہنے دیں کیونکہ کٹائی اور پھنڈائی کے درمیان جتنا زیادہ وقفہ ہوگا حاصل کردہ چاول کی ریکوری اتنی ہی کم ہوتی جائے گی۔ کاشتکار رات کے وقت دانوں کو ترپال یا پرالی سے ڈھانپ دیں تاکہ وہ اوس کی نمی سے محفوظ رہ سکیں۔