آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے انہیں ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنا چاہیے، ماہرین اثمار

بدھ 12 نومبر 2025 15:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2025ء) مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین اثمار نے آم کے باغبانوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ رواں ماہ نومبر کے دوران آم کے باغات کی آبپاشی بند رکھیں اور پودوں پر نئی منزلیں نہ نکلنے دیں نیز ہر قسم کی پھوٹ کو کاٹنے کے علاوہ مؤثر زہروں کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے انہیں ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنا چاہیے تاکہ پودوں میں بڈ انڈکشن کا عمل مکمل ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار پودوں کے نیچے گہری گوڈی نہ کریں کیونکہ جڑیں زخمی ہونے کی صورت میں مختلف قسم کے جراثیم آم کے پودے کے اندر داخل ہو کر مختلف بیماریوں کا موجب بنتے ہیں جن میں پودوں کا یکدم مرجھاؤ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان پودے میں غیر ضروری بڑھوتری کو کنٹرول کرنے کیلئے ماہرین زراعت کے مشورہ سے سپرے کریں اور پودے میں نئی آنے والی پھوٹ کی چیکنگ اور اس کی شاخوں کی پختگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ اگلے ماہ دسمبر کے آخر تک کھادیں ڈالنے کا عمل بھی مکمل کر لیں تاکہ پودے کی بہتر پیداوار میں مددمل سکے۔

متعلقہ عنوان :