کھجور کے باغبانوں کو رواں ہفتہ کے دوران پودوں میں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی سفارش

جمعرات 13 نومبر 2025 12:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2025ء) کھجور کے باغبانوں وکاشتکاروں کو رواں ہفتہ کے دوران پودوں میں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈیٹ پام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین اثمارنے کہا کہ کاشتکاروں کو 4سے5کلوگرام ایس ایس پی یا 2کلوگرام ٹی ایس پی اور ایک کلوگرام یوریا کھاد فی پودا استعمال کروانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پھل نہ دینے والے کھجور کے پودوں کیلئے بھی ضروری ہے کہ انہیں آدھی کیمیائی کھاد 30نومبر تک گوبر والی کھادکے ساتھ اور بقیہ کھاد جنوری کے آخری ہفتہ میں ڈالی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کھاد تنے سے ایک فٹ دور درخت کی شاخوں کے پھیلاؤ کے برابر زمین میں ڈال کر اچھی طرح گوڈی کرنے سے اس کے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار گوڈی کے بعد پانی لگا دیں۔ انہوں نے 31دسمبر سے قبل درختوں کی شاخ تراشی، پرانے پتوں کو توڑنے، جن شاخوں پر پھل لگ چکا ہو انہیں کاٹنے اور نئے پتوں سے کانٹے ختم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہ کانٹے پھل کو زخمی نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی اور مشاورت کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :