گوشت کی قیمت زیادہ ہونے کے باعث ہم پروٹین کی کمی کو کھمبی کے ذریعے پورا کر سکتے ہیں، ڈاکٹر علی عمران

جمعرات 13 نومبر 2025 12:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2025ء) عام آدمی کی خوراک میں پروٹین کی بڑھتی ہوئی کمی نے کھمبی کی منافع بخش کاشت کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے لہٰذا اس سلسلہ میں ترقی پسندکاشتکاروں کے علاوہ عام شہریوں کو بھی کچن گارڈننگ کے ساتھ ساتھ کھمبی کی گھریلوسطح پر کاشت میں حصہ لینا چاہیے۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے فوڈ نیوٹریشن سپیشلسٹ ڈاکٹر علی عمران نے کہا کہ یہ واحد سبزی ہے جس کو گھر کے کمروں میں تہ در تہ کریٹوں میں اگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غذائی اہمیت کے باوجود اِس کے استعمال میں کمی لمحہ فکریہ ہے جس کیلئے ہمیں لوگوں میں اس سبزی کے استعمال کے رجحان کو بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب مہنگاگوشت ایک عام شہری کی مالی پہنچ سے باہر ہو رہا ہے ہم پروٹین کی کمی کو کھمبی کے ذریعے پورا کر سکتے ہیں اور اس سلسلہ میں ایگری ٹورازم سیکٹر کی کوششیں بھی انتہائی بروقت اور قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھمبی کی برآمد کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ اس سلسلہ میں جامعہ زرعیہ کے متعلقہ ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :