کاشتکاروں کو گندم کی کاشت بروقت مکمل کی ہدایت

جمعہ 14 نومبر 2025 12:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیعسمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کاشتکاروں سے کہا کہ گندم کی کاشت بروقت مکمل کی جائے اور وہ مقررہ شرح بیج فی ایکڑ استعمال کیا جائے تاکہ نمی کے باوجود پورااگائو حاصل ہوسکے جبکہ فصل کی کاشت کیلئے زمین کی ہمواری بذریعہ لیزر ٹیکنالوجی کریں تاکہ پانی کی بچت ہو اور دھان کے علاقوں میں گندم کاشت کرنے کیلئے زیروٹیلج ڈرل کا استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل کو صرف نازک مراحل میں ہی سیراب کیا جائے نیز اگر تین پانی دستیاب ہوں تو پہلا پانی جھاڑ بناتے وقت20 سے 25دن بعد از کاشت،دوسرا پانی گوبھ کی حالت میں یعنی کاشت کے 80سے 90دن بعد اورتیسرا پانی دودھیاہونے پر 125سے 130دن بعداز کاشت لگایا جائے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کے کنٹرول پر مکمل توجہ دیں، نائٹروجن،فاسفورس اورپوٹاش والی کھادوں کا تناسب ومتوازن استعمال یقینی بنائیں ، اسی طرح زیادہ پانی استعمال کرنے والی فصلوں کو کم سے کم رقبہ پر کاشت کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار گندم کی فصل کی کاشت جلد از جلد مکمل کرلیں، گندم کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام سفارش کردہ وقت کے مطابق کاشت کریں نیز بیج کے اگائو کی شرح 85 فیصد سے کم نہ ہو بصورت دیگر شرح بیج میں اضافہ کر لیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ یاد رہے پچھیتی کاشت کی صورت میں شرح بیج میں اضافہ کیا جائے،پچھیتی کاشت کیلئے اضافہ اسلئے ضروری ہے کہ درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے بیج کے اگائو میں تا خیر ہو جاتی ہے جس سے پودا شگوفے کم بناتا ہے اور سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں جبکہ پیداوارمیں بنیادی شاخوں کا حصہ زیادہ ہوتا ہے لہذا بیج کی مقدار ایک حد تک بڑھانے سے بنیادی شاخوں میں اضافہ ہو گا جو پیداوار میں اضافے کا سبب بنے گا۔

متعلقہ عنوان :