بغیر بیج مالٹے اور گہری رنگت کے گریپ فروٹ کی طلب زیادہ ،عدم سہولیات کے باعث برآمد کی شرح کم ہے،سٹرس ماہرین

جمعہ 14 نومبر 2025 13:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2025ء) سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نےکہا ہے کہ دنیا بھر میں بیج کے بغیر مالٹے اور گہری رنگت کے حامل گریپ فروٹ کی ڈیمانڈ بڑھتی جارہی ہے مگر سہولیات کے فقدان کے باعث پیداوار کاانتہائی کم حصہ برآمد کیاجارہاہے جس کی بنیادی وجہ ہمارے ترشاوہ پھلوں کا بین الاقوامی معیار پر پورا نہ اترناہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ باغبان اکثر ریڈ بلڈ مالٹا، کنو، مسمی غیر مناسب وقت پر توڑ لیتے اور انہیں جلد پکانے و رنگت کی تبدیلی کےلئے ایتھلین گیس کے ذریعے ان کی کنڈیشننگ کرتے ہیں جس سے اکثر پھل خراب اور پیداوار 30 فیصد تک کم ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ویلنشیالیٹ کے بھی دیرتک پودے پر موجود رہنے سے اس کی پھانکیں خشک ہونا شروع ہو جاتی ہیں لہٰذا پھل کی برداشت یا توڑائی مناسب طریقے سے کرنی چاہیے ورنہ پھل جلدی گلنے سے مارکیٹ میں کم قیمت پائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آج کل مشینی طریقے سے پھل کی درجہ بندی، صفائی اور اس پر ویکسنگ کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بوریوں میں نیچے والا پھل اوپر والے پھل کے وزن سے خراب ہوجاتا ہے اس لئے باغبان چھوٹے چھوٹے کریٹس میں کاغذ لگا کر پھل کو گڈی کاغذ میں لپیٹ کر تہوں میں رکھیں اور کریٹ بند کرنے کے بعد کریٹ پرباغبان کا نام،پھل کی قسم، پھل کا درجہ، پھل کے برداشت کی تاریخ اور پیک کرنے کی تاریخ درج کی جائے۔

متعلقہ عنوان :