کسانوں کوماہرین کی سفارشات سےآگاہ کرنا قومی غذائی استحکام کویقینی بنانےکےلیےناگزیر ہے،پروفیسر

جمعہ 14 نومبر 2025 13:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2025ء) کسانوں کو ماہرین کی سفارشات سے آگاہ کرنا قومی گندم کی ضرورت پوری کرنے اور غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے جڑانوالہ کے چک نمبر125گ۔ب میں یوم کاشتکاراں کے موقع پر اپنے کلیدی خطاب کے دوران کیا۔

ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زمین کی بگڑتی ہوئی صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر چیلنجز کی وجہ سے زراعت کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت متوازن کھادوں کے استعمال، بروقت بوائی، مناسب دیکھ بھال سمیت دیگر عوامل کے بارے ماہرین کی سفارشات سے کاشتکاروں کو آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنا کر انقلاب برپا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ مہم یونیورسٹی کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ کسانوں کو روایتی زراعت سے جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی طرف منتقل کرنے میں مدد دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیداواری خلا کو کم کرنے کے لیے ہائی ایفی شنسی آبپاشی، مصدقہ بیج اور متوازن کھاد کا استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ دنیا میں گندم کی سب سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے والا ملک ہے۔

ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ یہ مہم کسانوں کو بہترین بیج بونے کے طریقوں، بروقت زرعی اقدامات اور بہتر مٹی کے انتظام کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔ ڈاکٹر محمد نوید نے کہا کہ زمین کی زرخیزی کو بحال رکھنے کے لئے نامیاتی مواد کا مناسب استعمال ضروری ہے جس کے لئے کاشتکاروں کو مٹی کا تجزیہ بروقت کروانا چاہیے۔

ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن فیصل آباد خالد محمود نے کہا کہ سائنسدانوں کے ساتھ رابطہ مقامی کاشتکاروں کو نئی ٹیکنالوجی اعتماد کے ساتھ اپنانے میں مدد دیتا ہے۔ ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا کہ زمین کی تیاری اور معیاری بیج کے انتخاب پر عملی مظاہرے کسانوں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے اور زیادہ منافع لینے میں مدد دیتے ہیں۔ ترقی پسند کاشتکار محمد راشد اور سردار بابر نے گندم بڑھاؤ مہم کو سراہا۔