فیصل آباد،کاشتکاروں کو آخری چنائی والی کپاس کو بیج نہ بنانے کی ہدایت

بدھ 26 نومبر 2025 16:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کپاس کی آخری چنائی کے بعد روٹا ویٹر کی مدد سے چھڑیوں کو کھیت میں دبانے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کپاس کی آخری چنائی کے بعد کھیتوں میں بھیڑ بکریاں بھی چھوڑ دی جائیں تاکہ وہ بچے کھچے ٹینڈے کھا لیں اور ان میں موجود گلابی سنڈی سمیت دیگر سنڈیاں بھی تلف ہو جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر تاحال کپاس کی چنائی مکمل نہیں ہو سکی تو کاشتکار نمی کے اوقات میں چنائی سے گریز کریں تاہم موسم کھلنے کے بعد کپاس کی چنائی صبح دس گیارہ بجے شروع کر کے سہ پہر چار بجے تک بند کردیں اور صرف اچھی طرح کھلے ہوئے ٹینڈوں سے ہی چنائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ آخری چنائی والی کپاس کا ریشہ کمزور اور بنولہ بھی بیج بنانے کے قابل نہیں ہوتا لہٰذا آخری چنائی کو الگ رکھتے ہوئے اس سے بیج بنانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :