جامعہ زرعیہ میں''فصلوں کی بہتری کے لیے پودوں کی بریڈنگ میں مالیکیولر طریقہ کار'' کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

بدھ 26 نومبر 2025 16:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2025ء) جامعہ زرعیہ میں کوالٹی سیڈ پروجیکٹ کے تحت ''فصلوں کی بہتری کے لیے پودوں کی بریڈنگ میں مالیکیولر طریقہ کار'' کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ ورکشاپ کا اہتمام پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس ڈیپارٹمنٹ کے تحت کیا گیا جس کا مقصد شرکا کو جدید اوزار اور ٹیکنالوجیز سے آگاہ کرنا تھا تاکہ فصلوں کی بریڈنگ کے عمل کو تیز کیااور قومی غذائی تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکے۔

نبجی کے چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر محمد عارف نے کہا کہ مارکر اسِسٹڈ سلیکشن کی بدولت بہتر خصوصیات کی حامل فصلوں کی اقسام کی جلد شناخت ممکن ہوتی ہے۔ چیئرمین پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس پروفیسر ڈاکٹر محمد عظیم اقبال خاں نے کہا کہ مستقبل کے زرعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید بریڈنگ ٹولز ناگزیر ہیں تاکہ زیادہ پیداوار دینے والی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والی اقسام تیار کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحقیقاتی روابط کو مضبوط کرنے اور صلاحیت سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر زاہد محمود نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز جینومکس اور ٹولز کے امتزاج سے اقسام کی تیاری کے عمل کو تیز بنانے میں مدد کرتی ہیں۔ جینوم ایڈیٹنگ پر گفتگو کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اقرار رانا نے کہا کہ کرسپر سسٹم محفوظ طریقے سے بہتر فصلیں تیار کرنے کیلئے نہایت مؤثر اور درست حل فراہم کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد سلمان مبارک، ڈاکٹر مدیحہ حبیب اور ڈاکٹر کرن حمید نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :