سردی کے موسم میں جانوروں میں نائٹریٹ پوائزننگ کا خدشہ بڑھ جانے سے بڑے نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے، ڈاکٹر محمد افضل

پیر 1 دسمبر 2025 13:09

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2025ء) سردی کے موسم میں جانوروں میں نائٹریٹ پوائزننگ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے جس سے بڑے نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹر محمد افضل نے پیر کو کاشتکاروں اور مویشی پال حضرات سے اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردی کی شدت یا کورے میں جانوروں میں نائٹریٹ پوائزننگ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے اور جانور شدید بیماری سے ہلاک بھی ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیماری میں مبتلا جانور تیز سانس لینا اور ہانپنا شروع کردیتے ہیں، مسوڑھے اور آنکھیں نیلی ہوجاتی ہیں، جانور کمزور ہونا شروع ہوجاتا ہے ،جانور گر جاتا ہے یا بیٹھ جاتا ہے اور شدید صورتحال میں جانور کی اچانک موت واقع ہوجاتی ہے۔انہوں نے بیماری کی صورت میں احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے ہدایت کی کہ بھوکے جانور کو سبز چارہ نہ دیں، جانور کو چارہ سوکھا کر استعمال کروائیں، زیادہ نائٹروجن کھاد والے کھیت کا چارہ فوراً نہ کاٹیں اور دھند یا کورے والے دنوں میں سبز چارہ کم مقدار میں دیں۔انہوں نے کہا کہ بیماری کی علامات کی صورت میں فوری اپنے قریبی جانوروں کے ہسپتال میں رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :