کاشتکار آلو کی موسم خزاں کی فصل دسمبر کے آخرمیں برداشت کرلیں، زراعت آفیسر سمبڑیال

پیر 1 دسمبر 2025 12:42

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2025ء) زراعت آفسیر سمبڑیال ذیشان گورائیہ نے کاشتکار وں کو آلو کی موسم خزاں کی فصل دسمبر کے آخرمیں برداشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پیر كو كاشتكاروں كے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آلو كی برداشت وسط جنوری تک مکمل کی جا سکتی ہے، اگرچہ فصل کی برداشت کا وقت بڑی حد تک فصل کے پکنے پر منحصر ہے تاہم دسمبر کے آخر سے جنوری کے وسط تک آلوکی موسم خزاں کی فصل پک کر تیار ہو جاتی ہے اس لئے کاشتکارماہرین زراعت کی مشاورت سے مذکورہ ایام میں آلوکی برداشت کا عمل شروع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو آلو کی فصل کی برداشت سے کم از کم 2ہفتے قبل آبپاشی روک دینی چاہیے اور دوران برداشت اس امر کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ برداشت کے موقع پر آلو زخمی نہ ہو کیونکہ اس طرح جہاں سرد خانوں میں رکھے گئے آلو جلد خراب ہو جاتے ہیں وہیں منڈی میں بھی ان کی بہت کم قیمت حاصل ہو تی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر آلو کو 2سے 3 دن تک سایہ میں رکھا جائے تو ان کا چھلکا سخت ہوجائے گا اس طرح گریڈنگ اور بوریوں میں بھرائی کے دوران آلو کے چھلکے نہیں اتریں گے اورآلو خراب ہونے سے محفوظ رہے گا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ سرد خانوں میں بھیجنے والے آلوؤں کو صاف ستھری کھلی سراخوں والی بوریوں میں رکھنا چاہیے تاکہ وہ کسی بیماری کے حملے سے خراب نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار آلو کی بھرائی کے لئے آٹے والی بوریاں ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ان میں آلو خراب ہونے کا خدشہ ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی معلومات، مشاورت یا رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا فری ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :