محکمہ لائیو سٹاک کا موسم سرما میں مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

پیر 1 دسمبر 2025 13:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2025ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادنے پولٹری فارمرز کو ہدایت کی ہے کہ موسم سرما کے دوران مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کیا جائے اور شیڈز کی اچھی طرح صفائی سمیت اچھی قسم کے سپرے یا جراثیم کش ادویات کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحتمند مرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

ماہرین لائیو سٹاک نے اے پی پی کو بتایاکہ لائیو سٹاک اینڈ پولٹری فارمرز خصوصاً مرغی پال حضرات شیڈز کا درجہ حرارت 75سے 80فارن ہائٹ تک برقرار رکھیں لیکن سردیوں میں ٹھنڈی ہو اسے بچاؤ کیلئے پلاسٹک کے پردے لگانے سے پرہیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پلاسٹک کے پردوں سے شیڈز میں نمی کا خدشہ ہوتا ہے جس سے پرندے دم گھٹ کر مر سکتے ہیں اسلئے موٹے جینز کے پرد وں کو استعمال میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیڈز میں تازہ ہوا کی آمد و رفت کا مناسب انتظام ہونا چاہیے جس کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کا امکان بہت حد تک کم ہو جاتا ہے، رات کو پردے نیچے کرتے وقت تازہ ہوا کیلئے تھوڑا بہت راستہ رکھیں، شیڈز کا درجہ حرارت برقرار رکھنے کیلئے ہیٹر یا بھٹی کا استعمال کیا جائے اور اس بات کا خیال رہے کہ دھواں جمع نہ ہو کیونکہ دھویں سے پرندوں کے پھیپھڑوں پر اثر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بورا یا چاول کا چھلکا نیچے استعمال کیا جائے اور جب یہ گیلا ہو جائے توا سے فوراً بدل دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں پرندوں کو وٹا من ای دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پرندہ مر جائے تو اسے گہرا گڑھا کھود کر زمین میں دبا دینا چاہیے اور فارم کے ارد گرد چونا بھی چھڑک دیا جائے تاکہ جراثیم پیدا ہونے کا خطرہ کم سے کم ہو سکے۔انہوں نے شیڈول کے مطابق پرندوں کی ویکسی نیشن کروا نے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف سے مشاورت کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :