آم کے باغبانوں کو پودوں کو اگلے ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنے کی ہدایت

بدھ 3 دسمبر 2025 17:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2025ء) باغبانوں کو آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے انہیں اگلے ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ باغبان رواں ماہ دسمبر کے دوران آم کے باغٖات کی آبپاشی بند رکھیں اور پودوں پر نئی منزلیں نہ نکلنے دیں نیز رواں ماہ کے دوران ہر قسم کی پھوٹ کو کاٹنے کے علاوہ مؤثر زہروں کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائی جائے۔

مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین اثمارنے بتایاکہ آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے انہیں اگلے ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پودوں کے نیچے گہری گوڈی نہ کریں کیونکہ جڑیں زخمی ہونے کی صورت میں مختلف قسم کے جراثیم آم کے پودے کے اندر داخل ہو کر مختلف بیماریوں کا موجب بنتے ہیں جن میں پودوں کا یکدم مرجھاؤ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ باغبان پودے میں غیر ضروری بڑھوتری کو کنٹرول کرنے کیلئے ماہرین زراعت کے مشورہ سے سپرے کریں اور پودے میں نئی آنے والی پھوٹ کی چیکنگ اور اس کی شاخوں کی پختگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ رواں ماہ دسمبر کے آخر تک کھادیں ڈالنے کا عمل بھی مکمل کر لیں تاکہ پودے کی بہتر پیداوار میں مددمل سکے۔

متعلقہ عنوان :