کاشتکار کماد کی کٹائی میں بہت احتیاط برتیں، محکمہ زراعت سمبڑیال

بدھ 10 دسمبر 2025 11:51

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2025ء) دسمبر میں کماد کی کٹائی کا عمل عروج پر ہے، کاشتکار کماد کی کٹائی میں بہت احتیاط برتیں ،کماد کی کٹائی گنے کی اقسام اور فصل کے پکنے کے عمل کو مد نظر رکھ کر کی جائے۔ان خیالات كا اظہار اسسٹنٹ ڈائریكٹر محكمہ زراعت سمبڑیال ڈاكٹر افتخار حسین بھٹی نے كماد كے كسانوں كے نام اپنے پیغام میں كیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے كہا كہ کماد کی فصل پر چوہے کے حملے اورگنا گرنے کی صورت میں متاثرہ فصل کو پہلے کاٹا جائے اور گنے کی کٹائی سے قبل آبپاشی کا سلسلہ بھی بند کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گنا کاٹنے کے بعد جلد از جلد قریبی شوگر ملز کو سپلائی کر دیا جانا بھی ضروری ہے تاکہ وزن اور ریکوری میں کمی نہ آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں مونڈھی فصل نہ رکھنی ہو اس کھیت کو فوراً تیار کرکے گندم کی کاشت کا عمل مکمل کر لیا جائے تاکہ گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مڈھوں میں موجود گڑوؤ ں کی سوئی ہوئی سنڈیوں کی تلفی کیلئے کماد کی فصل کو ایک انچ تک گہرا کاٹاجائے کیونکہ اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹ سکتی ہیں۔