محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کو آخر نومبر تک کاشتہ پیاز کی پنیری کھیتوں میں منتقل کرنے کامشورہ

بدھ 10 دسمبر 2025 14:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آخر نومبر تک کاشتہ پیاز کی پنیری دسمبر کے دوران کھیتوں میں منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ ایام میں کاشت کی گئی پنیری کو بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے کھیتوں میں منتقل کرنے کا بہترین وقت دسمبر کا مہینہ ہوتاہے تاہم یہ پنیری جنوری میں بھی کھیتوں میں منتقل کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ زراعت نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ پنیری کی کھیتوں میں منتقلی کے25سے30 روز بعد آدھی بوری یوریا اور ایک بوری امونیم سلفیٹ فی ایکڑ ضرور کھیتوں میں ڈالیں۔ انہوں نے بتایاکہ جب پیاز بننے کامرحلہ شروع ہو تو اس وقت بھی آدھی بوری یوریا اور ایک بوری امونیم سلفیٹ فی ایکڑ کھیتوں میں ڈالنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ متناسب کھادوں کا استعمال پیاز کی بمپر کراپ کا ضامن ہوتاہے اسلئے کاشتکار کسی کوتاہی کا مظاہر ہ نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا محکمہ کی فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔