کاشتکاروں کوگندم سمیت دیگر زرعی اجناس کی بہتر پیداوار کے لئے زرعی ادویات وزہروں کے سپرے کے دوران احتیاط کا مشورہ

جمعرات 11 دسمبر 2025 14:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2025ء) ترجمان شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیدز محکمہ زراعت فیصل آباد نے کہا کہ موجودہ حالات میں گندم سمیت دیگر زرعی اجناس کی بہتر پیداوار کا حصول اشدضروری ہے اسلئے ان کی بمپر کراپ کا حصول یقینی بنانے کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی اشد ضروری ہے لہٰذا زرعی ادویات وزہروں کے سپرے کے دوران انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہیے اوراس دوران کوئی جگہ خالی نہیں رہنے دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ گندم کے کھیتوں کے خالی کناروں پر بھی اگر سپرے کر دیاجائے تو اس کے بھی بہترین اثرات حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ریتلے اور کلراٹھے علاقوں میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے زہروں کا سپرے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپرے کے بعد جڑی بوٹیوں کو چارے کے طور پر ہرگز استعمال نہ کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہاکہ کاشتکار زہریلی ادویات کے سپرے کے بعد جڑی بوٹیوں کو چارے کے طور پر مویشیوں، جانوروں بالخصوص بکریوں، گائے، بھینسوں وغیرہ کو ڈالنے سے گریز کریں کیونکہ سپرے کے زہریلے اثرات جہاں جڑی بوٹیوں کے ذریعے مذکورہ جانوروں کے پیٹ میں داخل ہو کر دودھ اور گوشت کی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتے ہیں وہیں جانوروں اور مویشیوں کی زندگیوں کو بھی خطرات سے دوچار ہونا پڑ سکتاہے نیز زہر کے چھڑکاؤ کے بعد گوڈی یا بارہیرو کے استعمال سے بھی گریز کیاجائے تاکہ زہروں کا مؤثر اثر دیر تک برقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :