فیصل آباد ، کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

جمعہ 19 دسمبر 2025 15:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان کے مطابق کاشتکار مرچ کی پنیری کی کاشت کےلئے ایسی ذرخیز میرازمین کاانتخاب کریں جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو کیونکہ ایسی زمین نمی دیر تک برقرار رکھنے کی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے اور مرچ کی جڑیں زمین کے نیچے سے آسانی سے خوراک حاصل کرکے خوب نشوونما پاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار مرچ کی پنیر ی کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ 10سے12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد میں 20کلو گرام یوریا ملا کر استعمال کریں اورکھیت کی آبپاشی بھی کی جائے نیز وتر آنے پر 2 سے 3 مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اگ آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلا کر جڑی بوٹیوں کی تلفی کرتے ہوئے کھیت کو کھلا چھوڑ دیاجائے تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں۔

انہوں نے کہاکہ زمین تیار کرنے کے بعد اڑھائی فٹ چوڑی اور آٹھ سے دس انچ گہری کھیلیاں بناکر مرچ کی پنیری کی منتقلی کے وقت پنیری والے کھیت کی ہلکی آبپاشی بھی کی جائے اور پنیری کو کھیت سے وتر حالت میں اس طرح اکھاڑا جائے کہ اس کی جڑیں نہ ٹوٹنے پائیں۔انہوں نے کہاکہ مرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگاکر کھیت کو پانی لگادیاجائے۔انہوں نے پنیر ی کی منتقلی کے بعد فصل کوکورے کے اثرات سے محفوظ کرنے کےلئے شمالی ومغربی سائیڈ پر سرکنڈے وغیرہ کی باڑ لگانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :