سیالکوٹ ، محکمہ زراعت کی سبزیوں کو کورے سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

ہفتہ 20 دسمبر 2025 16:05

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2025ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم سرما میں سبزیوں کی فصلوں کو کورے سے بچانے کیلئے مناسب حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق ٹماٹر، مرچ، بینگن، کھیرے اور چپن کدو کو کورے سے محفوظ رکھنے کیلئے سرکنڈے یا پرالی سے ڈھانپنا نہایت ضروری ہے کیونکہ سبزیوں کی کامیاب اور نفع بخش کاشت کا انحصار ان کی بروقت اور بہتر دیکھ بھال پر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سخت سردی، دھند اور کورا موسم سرما کی کاشتہ سبزیوں کو شدید متاثر کرتے ہیں، اس لئے انہیں موسمی اثرات سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانا ناگزیر ہے۔ کورے کے عمل کے دوران زمین کے قریب موجود ہوا ٹھنڈی ہو جاتی ہے اور چونکہ ٹھنڈی ہوا گرم ہوا کی نسبت زیادہ بھاری ہوتی ہے، اس لئے یہ زمین کی سطح کے قریب ہی رہتی ہے اور رات کے وقت کورے یا کہر کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ جب رات کے وقت سبزیوں کے پتوں پر کورا پڑتا ہے تو ٹھنڈک کے باعث پتوں میں موجود پانی جم کر پھیل جاتا ہے، جس سے پتوں کے خلیے ٹوٹ جاتے ہیں اور بعد ازاں نئی کونپلیں اور پتے خشک ہو جاتے ہیں، جس سے پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔کاشتکار کورا پڑنے کے امکانات کا پیشگی جائزہ لیں اور دسمبر کے آخر سے فروری کے وسط تک کم سے کم درجہ حرارت معلوم کرنے کیلئے کھیتوں میں مخصوص مقامات پر تھرما میٹر نصب کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے تو کورا پڑنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کوہدایت کی کہ کورے کی متوقع راتوں میں کھیتوں کی ہلکی آبپاشی کی جائے، کیونکہ اس عمل سے سبزیوں کے پودوں کو کورے کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور فصل کو بہتر پیداوار حاصل ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :