زرعی کالج سرگودھا کے زیر اہتمام شہری آگاہی اور سماجی شمولیت پر مبنی سیمینار

ہفتہ 20 دسمبر 2025 18:16

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2025ء) زرعی کالج سرگودھا کے زیر اہتمام شہری آگاہی اور سماجی شمولیت پر مبنی سیمینار کا انعقاد کیا، جسکا مقصد پھلوں اور سبزیوں میں زرعی زہروں کی باقیات کے مسئلے کو اجاگر کرنا اور محفوظ وپائیدار زراعت کے لیےتحقیق پر مبنی حل تلاش کرنا تھا۔ ریسرچ ایرینا 2025ء کے تحت منعقدہ اس سیمینار کاافتتاح پرنسپل ایگریکلچر کالج سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا نے کیا۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے انسانی صحت، ماحولیاتی معیار اور زرعی پائیداری کے تحفظ کے لیے زرعی زہروں کے باخبر اور ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔تکنیکی سیشن کے دوران ڈاکٹر محمد ذیشان مجید نے زرعی پیداوار میں زرعی زہروں کی باقیات کے اثرات پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان باقیات سے پیدا ہونے والے ممکنہ صحت اور ماحولیاتی خطرات کی وضاحت کرتے ہوئے زرعی زہروں کے ذمہ دارانہ استعمال اور مؤثر نگرانی کے ذریعے ان کی مقدار کم کرنے کے عملی طریقے بیان کیے۔

اس موقع پر شِی ہہ زی یونیورسٹی چین سے تعلق رکھنے والے محمد ذیشان نے ”فیلڈ تحفظ کے لیے زرعی زہروں کی ترسیل کے جدید نظام: درستگی، افادیت اور ماحولیاتی پائیداری“کے عنوان سے خطاب کیا۔ انہوں نے جدید انسدادِ آفات ٹیکنالوجیز پر روشنی ڈالی جو ماحولیاتی اثرات کو کم کرتے ہوئے زرعی کارکردگی میں بہتری کا باعث بن رہی ہیں۔اختتامی کلمات میں چیئرمین شعبہ اینٹومولوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اللہ نے اساتذہ اور طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحقیق پر مبنی جدت طرازی ہی پائیدار زرعی ترقی کے حصول کی ضامن ہے۔

متعلقہ عنوان :