محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری کے مہینہ میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

پیر 22 دسمبر 2025 18:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2025ء) کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری کے مہینہ میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈپٹی ڈایئریکٹر محکمہ زراعت فیصل آباد نے اے پی پی کوبتایا کہ کاشتکار مرچ کی پنیر ی کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ 10سے12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد میں 20کلو گرام یوریا ملا کر استعمال کریں اورکھیت کی آبپاشی بھی کی جائے نیز وتر آنے پر 2 سے 3 مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اگ آئیں۔

انہوںنے کہاکہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلا کر جڑی بوٹیوں کی تلفی کرتے ہوئے کھیت کو کھلا چھوڑ دیاجائے تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ زمین تیار کرنے کے بعد اڑھائی فٹ چوڑی اورآٹھ سے دس انچ گہری کھیلیاں بناکر مرچ کی پنیری کی منتقلی کے وقت پنیری والے کھیت کی ہلکی آبپاشی بھی کی جائے اور پنیری کو کھیت سے وتر حالت میں اس طرح اکھاڑاجائے کہ اس کی جڑیں نہ ٹوٹنے پائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگاکر کھیت کو پانی لگادیاجائے۔انہوںنے پنیر ی کی منتقلی کے بعد فصل کوکورے کے اثرات سے محفوظ کرنے کےلئے شمالی ومغربی سائیڈ پر سرکنڈے وغیرہ کی باڑ لگانے کی بھی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :