فیصل آباد،کاشتکاروں کو چنے اور مسور کی فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے بروقت انسداد کی ہدایت

جمعہ 26 دسمبر 2025 15:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2025ء) ماہرین شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد نے کاشتکاروں کو کیمیائی و غیر کیمیائی طریقوں سے چنے اور مسور کی فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے بروقت انسداد کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہاہے کہ چنے اور مسور کی فصل میں جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کے لئے غیر کیمیائی اور کیمیائی دونوں قسم کے طریقے اپنائے جاسکتے ہیں تاہم غیر کیمیائی طریقوں میں گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیوں کا موثر انسداد بھی کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی گوڈی کاشت کے 30 سے40 دن بعد جبکہ دوسری گوڈی بجائی کے70 سے80 دن بعد کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ گوڈی سے نہ صرف جڑی بوٹیاں تلف ہوتی ہیں بلکہ زمین میں وتر دیر تک محفوظ ہوجاتاہے اور زمین نرم اور بھربھری ہونے کی وجہ سے پودوں کی نشوونما اچھی ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خشک گوڈی کے ذریعے چنے اور مسور کی بیشتر جڑی بوٹیوں کو موثر طریقے سے تلف کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جڑی بوٹیوں کے انسداد کے لئے کیمیائی طریقہ بھی موثر ثابت ہوتاہے لیکن کیمیائی زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کے مقامی توسیع عملہ یاماہرین زراعت کے مشورے سے کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ سفارش کردہ زہروں کا استعمال زرعی ماہرین کی مشاورت کے مطابق ہی کریں تاکہ بعد میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :