محکمہ لائیو سٹاک کی مویشی پال حضرات اور فارمرزکو جانوروں کو فوگ فیور سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت

اتوار 4 جنوری 2026 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2026ء) محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ نے مویشی پال حضرات اور فارمرزکواپنے جانوروں کو فوگ فیور سے بچانے کیلئے فوری احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈاکٹر روبینہ انجم نے بتایا کہ جانوروں و مویشیوں کو سردی اور فوگ دھند سے بچانے کیلئے لائیو سٹاک فارمرز کو مناسب انتظامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ لائیو سٹاک فارمرز سردیوں میں جانوروں کو رات کا کھڑا پانی ہر گز نہ پلائیں بلکہ تازہ و صاف پانی دیں،اسی طرح نمی والی برسیم اور سرسوں کو دھو پ میں خشک کر کے استعمال کروائیں جبکہ جانوروں کیلئے خشک چارہ محفوظ کر کے رکھیں اور سبز چارہ کے ساتھ خشک چارہ ملا کرانہیں کھلائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دھند میں حاملہ اور دودھ دینے والے جانوروں کیلئے خصوصی تدابیر اپنائی جائیں جبکہ حاملہ اور دودھ دینے والے جانوروں کو روزانہ 100گرام گڑبھی کھلایا جا ئے اور دودھ دوہنے کے بعد جانور کو تازہ پانی لازمی پلایا جا ئے۔

انہوں نے کہا کہ دودھ و گوشت فراہم کرنیوالے جانوروں کو محکمہ لائیو سٹاک کے جاری شیڈول کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات لگوانا ہر گز نہ بھولیں۔انہوں نے مویشی پال حضرات کوآگاہ کیا کہ فوگ فیور میں ذرا سی غفلت جانور کی زندگی خطرے میں ڈال سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ کی ہیلپ لائن 08000.9211 پربھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔