محکمہ لائیو سٹاک ، مویشی پال حضرات جانوروں کو فوگ فیور سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں

پیر 5 جنوری 2026 15:54

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2026ء) محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ نے مویشی پال حضرات اور فارمرزکواپنے جانوروں کو فوگ فیور سے بچانے کیلئے فوری احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل سیالکوٹ ڈٖاکٹر تنویر احمد نے بتایا کہ جانوروں و مویشیوں کو سردی اور فوگ دھند سے بچانے کیلئے لائیو سٹاک فارمرز کو مناسب انتظامات کرنے چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ لائیو سٹاک فارمرز سردیوں میں جانوروں کو رات کا کھڑا پانی ہر گز نہ پلائیں بلکہ تازہ و صاف پانی دیں،اسی طرح نمی والی برسیم اور سرسوں کو دھو پ میں خشک کر کے استعمال کروائیں جبکہ جانوروں کیلئے خشک چارہ محفوظ کر کے رکھیں اور سبز چارہ کے ساتھ خشک چارہ ملا کرانہیں کھلائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دھند میں حاملہ اور دودھ دینے والے جانوروں کیلئے خصوصی تدابیر اپنائی جائیں جبکہ حاملہ اور دودھ دینے والے جانوروں کو روزانہ 100گرام گڑبھی کھلایا جا ئے اور دودھ دوہنے کے بعد جانور کو تازہ پانی لازمی پلایا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ و گوشت فراہم کرنیوالے جانوروں کو محکمہ لائیو سٹاک کے جاری شیڈول کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات لگوانا ہر گز نہ بھولیں۔انہوں نے مویشی پال حضرات کوآگاہ کیا کہ فوگ فیور میں ذرا سی غفلت جانور کی زندگی خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :