بیجا سپرے ماحول آلودہ کرنے سمیت فصل دوست کیڑوں کی تلفی کا بھی باعث بن رہے ہیں،عامرصدیق

بدھ 7 جنوری 2026 12:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2026ء) فصلات، پھلوں وسبزیوں اور غذائی اجناس پربے جا سپرے جہاں ماحول کو آلودہ کرتے ہیں وہیں فائدہ مند حشرات، شہد کی مکھیاں اور فصل دوست کیڑے بھی تلف ہو جاتے ہیں جبکہ سپرے کے باعث سبزیوں کی غذائیت اور معیار بھی متاثر ہو جاتا ہے لہٰذا محکمہ زراعت نے اس سلسلہ میں ۱یک ۱ٓگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ایسی ادویات کے سپرے کی سفارش کی جائے گی جن کااثر صرف 24گھنٹے میں زائل ہو جاتا ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعامرصدیق نے بتایا کہ حکومتی ہدایا ت کی روشنی میں محکمہ زراعت سبزیوں پر ماہرین زراعت کے مشورہ کے بغیر اندھا دھند سپرے کے باعث جلدی امراض، کینسر، اسہا ل، ماد ہ تولید میں کمزوری سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر فوری اقدامات کرتے ہوئے ان نقصانات کے بارے میں کاشتکاروں اور عوام کو آگاہی فراہم کررہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپرے کے سد باب کیلئے شروع کی جانیوالی اس مہم کے دوران کاشتکاروں کو بتا یا جارہاہے کہ وہ سبزیاں اگانے کے جدید طریقوں سے استفادہ کریں اور غیر ضروری طور پر زائد مقدار میں زرعی ادویات کے سپرے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے بتا یا کہ اس ضمن میں خصوصی لیکچرز دینے کے علاوہ معلوماتی لٹریچر بھی فراہم کیا جا رہاہے تاکہ کاشتکاروں میں زرعی ایجوکیشن کا فروغ ہو سکے۔