میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار

امتحانی ہال میں داخل ہونے سے قبل طلباء کی شناخت ڈیجیٹل بائیو میٹرک کے ذریعے کی جائے گی، پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں بھی اصلاحات کی منظوری دیدی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 فروری 2026 11:31

میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2026ء) صوبہ پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کی جانب سے 2026ء کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نقل، جعلسازی اور بے ضابطگیوں کو ختم کرنے کیلئے طلباء کی ڈیجیٹل بائیومیٹرک تصدیق متعارف کرانے کا فیصلہ ہوا ہے، اس ضمن میں لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں منعقد ہونے والے اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کے سینئر افسران شریک ہوئے جہاں ہونے والے فیصلے کے تحت امتحانی ہال میں داخل ہونے سے قبل طلباء کی شناخت ڈیجیٹل بائیو میٹرک کے ذریعے کی جائے گی، اس کے علاوہ اجلاس میں پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں بھی اصلاحات کی منظوری دیدی گئی ہے جن میں معیاری گریڈنگ سسٹم، لیبارٹریز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل مارکنگ سسٹم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں صوبہ پنجاب میں تعلیمی بورڈز کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا گیا، شیڈول کے تحت صوبے بھر میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 27 مارچ سے شروع ہوں گے، دسویں جماعت کے امتحانات کا نتیجہ 6 اگست کوجاری کیا جائے گا جب کہ نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا نتیجہ 2 ستمبر کو متوقع ہے۔ شیڈول سے معلوم ہوا ہے کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات 20 مئی سے شروع ہوں گے، بارہویں جماعت کا نتیجہ 23 ستمبر اور گیارہویں جماعت کا نتیجہ 22 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا، مجوزہ شیڈول پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز پر لاگو ہوگا، امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مقررہ وقت کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔                

متعلقہ عنوان :