محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کوتربوز کی اگیتی فصل کاشت شروع کرنے کی ہدایت

جمعہ 13 فروری 2026 13:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2026ء) تربوز کے کاشتکاروں کو اگیتی فصل کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار تربوز کی اگیتی فصل کی کاشت فوری شروع کر کے مارچ کے آخر تک مکمل کر لیں تاکہ اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت عدیل احمد نے کاشتکاروں کو آگاہ کیاکہ تربوز کی کاشت کیلئے ذرخیز ریتلی ایسی میرازمین جس میں پانی کے نکاس کا مناسب انتظام ہو بہترین نتائج کی حامل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تربوز کے کاشتکار فصل کی کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح ہموار کرکے گوبر کی گلی سڑی کھاد15سے20ٹن فی ایکڑ ڈالیں اور ہل چلاکر اسے زمین میں مکس کر دیں۔ انہوں نے کہاکہ زمین کو اچھی طرح تیار کرنے کیلئے مٹی پلٹنے والا ہل چلانے سمیت 3سے4 مرتبہ عام ہل چلا کر سہاگہ دیدیاجائے تاکہ زمین اچھی طرح نرم و بھربھری ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار تربوز کی بہترین فصل حاصل کرنے کیلئے اچھی روئیدگی والا ایک کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ بروقت کاشت کی صورت میں تربوز کا پھل جون جولائی میں برداشت کیا جاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ تربوز کی کاشت کیلئے 1کلوگرام صحت مند بیج فی ایکڑ کافی ہے جبکہ دوغلی اقسام کیلئے نصف کلوگرام بیج کافی ہوتاہے۔انہوں نے سفارش کی کہ تربوز کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے اسے اچھے نکاس والی زرخیز ریتلی میرازمین میں کاشت کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :