فیصل آباد ڈویژن میں موسم بہار کی خصوصی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز یکم مارچ سے ہوگا

پیر 16 فروری 2026 17:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2026ء) فیصل آباد ڈویژن میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، گرین کور میں اضافے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے موسم بہار کی خصوصی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز یکم مارچ سے ہوگا جو اپریل کے اختتام تک جاری رہے گی۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر شاہد تبسم نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ محکمہ جنگلات نے ڈویژن بھر میں بہاریہ شجر کاری کےلئے جامع منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے اور تمام اضلاع کو مقررہ اہداف کے حصول کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہار یہ شجرکاری مہم کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 650 ایکڑ رقبے پر مختلف اقسام کے 2لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے ذریعے نہ صرف سرسبز رقبے میں اضافہ ہوگا بلکہ فضائی آلودگی میں کمی اور ماحولیاتی توازن کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کمالیہ کے فاریسٹ ایریا میں 380 ایکڑ رقبے پر شجرکاری کی جائے گی جبکہ ضلع فیصل آباد اور جڑانوالہ کے علاقوں میں 270 ایکڑ رقبہ اس مہم کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے کہا کہ اس مہم میں مقامی آب و ہوا سے ہم آہنگ اور ماحول دوست اقسام کے پودوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ان کی شرح بقا زیادہ ہو اور طویل مدتی بنیادوں پر فائدہ حاصل کیا جا سکے۔ ان اقسام میں کیکر، ارجن، شیشم، بکائین، سرس، توت اور پیلکن شامل ہیں جو نہ صرف ماحولیاتی تحفظ میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ زمین کی زرخیزی اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام پودے فیصل آباد ڈویژن کی6مختلف نرسریوں سے فراہم کیے جائیں گے جہاں معیاری بیج، جدید تکنیک اور سائنسی اصولوں کے مطابق پودوں کی افزائش کی جا رہی ہے۔ نرسریوں میں دستیاب پودوں کی بروقت فراہمی کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ فیلڈ سٹاف کو بھی شجرکاری، دیکھ بھال اور مانیٹرنگ کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور شہریوں کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ اجتماعی کاوشوں سے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے اور محفوظ کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محض پودے لگانا ہی مقصد نہیں بلکہ ان کی نگہداشت اور بقا کو یقینی بنانا بھی اولین ترجیح ہے جس کے لیے باقاعدہ فالو اپ اور نگرانی کا نظام ترتیب دیا گیا ہے۔

ڈی ایف او نے کہا کہ بہاریہ شجرکاری مہم کے ذریعے فیصل آباد ڈویژن کو مزید سرسبز بنانے، ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے اور آئندہ نسلوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کرنے کے قومی مقصد کو عملی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے گھروں، دفاتر اور زرعی اراضی پر زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول دوست معاشرے کے قیام میں کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :