بہار کا موسم صحت مند مویشی اور بہتر پیداوار کیلئے اہمیت کا حامل ہے،ڈاکٹر حیدر علی خان

جمعرات 19 فروری 2026 16:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2026ء) بہار کا موسم صحت مند مویشی اور بہتر پیداوار کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔اس خوشگوار موسم میں جانوروں کی مناسب دیکھ بھال اور احتیاطی تدابیر اپنا کر مختلف بیماریوں جن میں منہ کھر،گل گھوٹو،بھیڑ بکریوں کی طاعون اور بلیک کواٹر جیسی بیماریوں سے بچاؤ کا پہلا قدم ویکسینیشن ہے جس سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر علی خان نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے بتایاکہ موسم بہار کی بیماریوں سے بچاؤ اور بہتر پیداوار کیلئے لازمی ہے کہ ویکسینیشن کروائی جائے۔انہوں نے بتایاکہ منہ کھر کی ویکسینیشن ایف ایم ڈی، گل گھوٹو ایچ ایس اور بھیڑ بکریوں کیلئے پی پی آر ویکسینیشن لازمی کروائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مویشی پال حضرات سے کہا ہے کہ وہ ان بیماریوں سے بچاؤ کیلئے اپنے قریبی ویٹر نر ی ہسپتال سے ویکسینیشن کروائیں کیونکہ بیماری سے بچاؤ کا پہلا قدم ہی ویکسینیشن ہے جبکہ متوازن غذائی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے تو جانوروں سے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکے گی۔اس حوالے سے سبز چارہ اور خشک چارہ کی متوازن مقدار میں دیا جائے،منرل مکسچر روزانہ کی بنیاد پر جبکہ صاف پانی 24گھنٹے فراہم کیا جائے اور دودھ دینے والے جانوروں کیلئے خصوصی طور پربفر سالٹس بھی دیا جائے۔