موسم گرما میں اگائی جانیوالی سبزیوں کی کاشت کا بہترین وقت مارچ کا مہینہ ہے،ڈائریکٹر محکمہ زراعت

جمعہ 20 فروری 2026 13:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2026ء) ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ کھیرے کی اگیتی کاشت مارچ اور پچھیتی جولائی میں کی جاسکتی ہے جبکہ کاشتکار ایک ایکڑ رقبہ کیلئے کھیرے کا ایک کلو گرام صحت مند بیج استعمال کریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے انہوں نے کہا کہ کھیرے کی کاشت کیلئے زرخیز میرازمین موزوں ہوتی ہے لہٰذاکلراٹھی اور شور زدہ زمین میں کھیرے کی کاشت سے گریز کرناچاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کھیرا موسم گرما کی انتہائی مفید سبزی ہے جس کا استعمال زیادہ تر سلاد کے طور پر کیاجاتاہے اور اساسی اجزاکی فراوانی کے باعث کھیراا نسانی جسم میں تیزابیت کو کم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹماٹر اور مرچ کی کاشت پنیری کے ذریعے کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کاشتکار اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے 30سے 35روزہ عمر کی پنیری کو ماہرین زراعت کی سفارشات کے مطابق پٹڑیوں پر مناسب فاصلے پر منتقل کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں اگائی جانیوالی سبزیوں کی کاشت کا بہترین وقت مارچ کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار کریلا، گھیاکدو، چپن کدو، گھیاتوری، تر اور کھیرے کی کاشت پٹڑیوں کی ایک جانب جبکہ بھنڈی توری کی کاشت پٹڑیوں کی دونوں جانب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرماکی سبزیوں کی کاشت کیلئے ایسی اقسام کابیج منتخب کیاجائے جو ہمارے موسمی حالات کے مطابق بہتر اگاؤ کاحامل اور کیڑے مکوڑوں سمیت مختلف بیماریوں کے خلاف بھر پور قوت مدافعت رکھتاہو۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات یارہنمائی کیلئے زرعی ماہرین سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :