یونیورسٹی آف سرگودھا کےزیرِ اہتمام سٹرس ویلیو چین پراجیکٹ کے تحت چک 118 شمالی میں فارمر فیلڈ ڈے کا انعقاد

جمعہ 20 فروری 2026 15:51

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام آسٹریلین سنٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچر ریسرچ کے تعاون سے جاری سٹرس ویلیو چین پراجیکٹ کے تحت چک 118 شمالی میں فارمر فیلڈ ڈے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد سٹرس کی پیداوار اور منڈی میں مسابقت بڑھانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینا اور کاشتکاروں، دیہی خواتین اور زرعی ماہرین کے درمیان تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا تھا۔

پراجیکٹ ٹیم لیڈر پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اللہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کا بنیادی ہدف پھل کے معیار میں بہتری، مؤثر مارکیٹنگ نظام کا فروغ اور تحقیق پر مبنی اقدامات کے ذریعے کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ ہے۔ پرنسپل کالج آف ایگر یکلچر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا نے اس منصوبے کو تحقیق اور کاشتکار برادری کے درمیان فاصلہ کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر لقمان نے جدید پیداواری اور بعد از برداشت طریقۂ کار اپنانے کے لیے عملی مظاہروں اور کسانوں کی مؤثر شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ دیگر مقررین میں ڈاکٹر راحیل انور، ملک عبد الرحمن، ڈاکٹر صائمہ صدف، ڈاکٹر محمد یاسین، ڈاکٹر عمارہ عینی اور ڈاکٹر حمیرا امین شامل تھے جنہوں نے فیلڈ سطح پر درپیش مسائل اور سٹرس سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

پراجیکٹ آفیسر ڈاکٹر احسن قریشی، سوشل موبلائزر مس شفق اورریسرچ ایسوسی ایٹ مسٹر طلحہ نے کاشتکاروں کی بھرپور شرکت کو سراہا۔ منتظمین نے قومی و آسٹریلوی ماہرین بشمول پروفیسر ڈاکٹر احمد ستار، ڈاکٹر راج، ڈاکٹر گوماتھی اور ٹم کی تکنیکی رہنمائی اور مسلسل تعاون پر بھی اظہارِ تشکر کیا جس سے منصوبے کے مؤثر نفاذ میں مدد ملی۔پروگرام کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی ،جس میں پائیدار طریقہ کاشت اور منڈی پر مبنی سٹرس ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :