باغبانوں کو رواں ماہ کے دوران گلاب کی نئی قلمیں لگانے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 24 فروری 2026 16:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2026ء) محکمہ زراعت نے باغبانوں کو رواں ماہ کے دوران گلاب کی نئی قلمیں لگانے کی ہدایت کی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) عامر صدیق نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ رواں ماہ کے دوران گلاب کی نئی قلمیں لگانےسے نہ صرف پودے کی بروقت بڑھوتری یقینی ہو جاتی ہے بلکہ گلاب کا پودا وقت مقرر ہ پر پھو ل بھی دینا شروع کردیتاہے اس لئے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ گلاب کی قلمیں لگانے کا عمل بروقت مکمل کرلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار قلموں کی بڑھوتری کےلئے انہیں گیلی ریت یا مٹی میں گڑھا کھود کر 10سے15 روزکے لئے زمین میں الٹا رکھ کر دبا دیں اور زمین کو اچھی طرح تیار کرکے اس میں ایک بوری ٹی ایس پی، ایک بوری ایس او پی اور ایک بوری امونیم سلفیٹ کھاد ڈال کر اسے زمین میں اچھی طرح ملا دیں تا کہ زمین کی ذرخیزی کو بہترین بنانے میں مد د مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی و مشاورت کےلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔