بکریوں میں معدے کی تیزابیت ایک خطرناک بیماری ہے، ڈاکٹر محمد افضل

بدھ 4 مارچ 2026 12:49

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2026ء) ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹر محمد افضل نے کہا ہے کہ بکریوں میں معدے کی تیزابیت ایک خطرناک بیماری ہے، بروقت علاج کروائیں اور اپنے جانوروں کو محفوظ رکھیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نےفارمز کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ موسم میں چارہ ور ونڈہ زیادہ کھلانے سے بکریوں میں معدے کی تیزابیت کا خطرہ ہوتا ہے ،بکریوں میں معدے کی تیزابیت کی علامات ظاہر ہونے پر فوری علاج بہت ضروری ہے، معدے میں تیزابیت تب ہوتی ہے جب وہ اچانک زیادہ مقدار میں دانہ، گندم، مکئی یا ونڈا کھا لیں ،اس سے معدے میں لیکٹک ایسڈ بڑھ جاتا ہے جو جانور کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تیزابیت کی پہچان (علامات) اگر آپ کی بکری میں یہ نشانیاں ہوں تو فورا الرٹ ہو جائیں، بکری اچانک چرنا اور جگالی کرنا بند کر دیتی ہے، پیٹ کے بائیں جانب واضح اپھارہ نظر آتا ہے، جانور کو پتلے اور شدید بدبودار موشن لگ جاتے ہیں، آنکھیں اندر کو دھنس جاتی ہیں اور جانور لڑکھڑا کر چلتا ہے یا لیٹا رہتا ہے، شدید تکلیف میں رال یا جھاگ بہنے لگتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ فوری اور موثر علاج وقت ضائع کیے بغیر کریں، میٹھا سوڈا اس کا سب سے بہترین حل ہے اور50 سے 80 گرام میٹھا سوڈا نیم گرم پانی میں ملا کر پلائیں، میٹھا سوڈا تیزابیت کو فوری ختم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذا میں تبدیلی کریں، ونڈا اور دانہ فورا بند کر دیں، صرف خشک گھاس یا بھوسہ دیں ، اگر میٹھا سوڈا نہ ہو تو 4 سے 5 گرام مگنیشیم ہائیڈرو آکسائیڈ پانی میں ملا کر دیں یا دیسی نسخہ 50 گرام سونف، 50 گرام اجوائن اور 50 گرام کالا نمک مکس کر کے ایک بڑا چمچ روزانہ دیں۔انہوں نے کہا کہ اگر بکری کی حالت بہت زیادہ خراب ہو، وہ کھڑی نہ ہو پا رہی ہو یا سانس لینے میں دشواری ہو، تو خود تجربات کرنے کے بجائے فورا کسی مستند ویٹرنری ڈاکٹر سے رابطہ کریں یا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :