محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو گندم کی فصل کی خصوصی نگہداشت کی ہدایت

جمعرات 5 مارچ 2026 14:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2026ء) ۔ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کاشتکاروں کو گندم کی فصل کی خصوصی نگہداشت کی ہدایت کی گئی ہے۔چوہدری خالد محمودنے کاشتکاروں نے کہا ہےکہ کاشتکار گندم کو دوسراپانی گو بھ کے وقت ضرور لگائیں کیونکہ اس وقت سٹہ پودے سے باہر نکلنے کے مراحل میں ہے لہٰذا اگر اس موقع پر پانی نہ دیاجائے یا آبپاشی میں تاخیر کی جائے تو سٹوں میں دانوں کی تعداد کم اور دانے چھوٹے رہ جانے کا خدشہ ہوتاہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر فصل دیر سے کاشت کی گئی ہو اور اس میں سفارش کردہ یوریا کی مقدار نہ ڈالی گئی ہو اور فصل کا رنگ پیلا ہو تو دوکلوگرام یوریا 100لیٹر پانی میں ملا کر اس کا فوری سپرے کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بارانی علاقوں میں 2کلوگرام یوریاکے ساتھ 2کلوگرام سلفیٹ آف پوٹاش یا میوریٹ آف پوٹاش بھی شامل کرناضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر نائٹروجن کھاد کو فاسفورس کھاد کے ساتھ 1:1یا کیلشیم امونیم نائٹریٹ کھاد کے ساتھ 1:1.5 کی شرح کے ساتھ مکس کر کے استعمال کیا جائے تو اس کے بہترین نتائج کے حصول سمیت گندم کی 10فیصد بلکہ اس سے بھی زیادہ اضافی پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شو ر زدہ زمین میں این ایچ 4 اور این او 3 کو ملا کر استعمال کرنے سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :