سیالكوٹ،کاشتکاروں کو گندم کی فصل کو بھوری کنگی کی بیماری سے بچانے کے لئے محکمہ زراعت کے تجویز کردہ زہروں کا سپرے کرنے کی ہدایت

جمعرات 5 مارچ 2026 16:47

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹرافتخار حسین بھٹی نے کاشتکاروں کو گندم کی فصل کو بھوری کنگی کی بیماری سے بچانے کے لئے محکمہ زراعت کے تجویز کردہ زہروں کا سپرے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں درجہ حرارت بڑھنے سے گندم کی فصل کو بھوری کنگی کا خدشہ ہوسکتا ہے ،کاشتکار اپنی فصل کا مشاہدہ کرتے رہیں اگر گندم کے پتوں پر بیماری نمودار ہوتو محکمہ زراعت کے تجویز کردہ زہروں کا سپرے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بیماری پتوں اور تنے پر زنگ نما دھبوں کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے اور ایک فنگس یا فنجائی سے پیدا ہونے والی بیماری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھوری کنگی کے تدارک کےلئے ایزوکسی سٹروبن،ڈائی فینوکونازول، پروپیکونازول، پائیراکلوسٹروبن، کلورتھیلونل یا ٹرائی فلوکسی سٹروبن میں سے کسی ایک کا سپرے صرف متاثرہ ٹکریوں پر کریں اور بے تحاشہ سپرے سے اجتناب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فیلڈ میں موجود محکمہ زراعت کے نمائندوں یا ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔