جامعہ زرعیہ غذائی استحکام اور زراعت اور دیہی ترقی کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے،پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی

جمعرات 5 مارچ 2026 17:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2026ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی قومی، علاقائی اور بین الاقوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے غذائی استحکام، زراعت اور دیہی ترقی کے فروغ کے لیے غیر روایتی اور جدید حل، مؤثر تحقیقی کام اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کے لیے پُرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقبال آڈیٹوریم میں فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں غذائی استحکام جیسے عظیم مقصد کے لیے زرعی سائنسدانوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی جدید مہارتوں سے آراستہ ایسی افرادی قوت تیار کر رہی ہے جو صنعتی تقاضوں کو پورا کرنے اور زرعی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحقیق، تدریس، جدت اور توسیعی سرگرمیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ہمہ جہت کوششیں جاری ہیں تاکہ پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے تحقیق میں رہنمائی کے فروغ، مسابقتی فنڈنگ کے حصول اور اعلیٰ معیار کی تحقیقی اشاعتوں کی تیاری پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے فائلوں کی ای ٹریکنگ، انتظامی کارکردگی میں بہتری، لاگت میں پائیداری، ڈیٹا سکیورٹی اور میرٹ پر مبنی حکمرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم جامعہ کے عالمی روابط اور توسیعی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں تاکہ ابھرتے ہوئے زرعی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرتے ہوئے پائیدار ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ زرعی مسائل کے حل کے لیے اختراعی خیالات اور قابلِ عمل تحقیقی منصوبے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 میں یونیورسٹی کے تحقیقی پورٹ فولیو میں 200 ملین روپے کا اضافہ ہوا ہے اور مربوط کاوشوں کے ذریعے اسے 2026 میں مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بہترین افرادی قوت کی تیاری اور مسائل کے حل پر مبنی تحقیق کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :