فیصل آباد، کاشتکاروں کو اروی کی کاشت بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 17 مارچ 2026 17:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2026ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو اروی کی کاشت بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت عدیل احمد نے بتایا ہے کہ اروی کی کاشت کے لئے زرخیز، اچھے نکاس والی میرازمین کا انتخاب کیاجائے تاکہ بہتر پیداوار کاحصول یقینی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار زمین کی بہترین انداز میں تیاری کے لئے کھیت میں 10سے 15ٹن فی ایکڑ گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر اچھی طرح ہل چلائیں اور زمین کو بھربھراکرلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب اروی کی کاشت کرنی ہو تو کھیت میں 4بوری سپر فاسفیٹ، ایک بوری امونیم نائٹریٹ فی ایکڑ ڈال کر ہل چلادیں۔ انہوں نے کہاکہ فی ایکڑ 750 سے 875کلوگرام بیج کااستعمال شاندار نتائج کا حامل ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کی کاشت کےلئے60 میٹر کی پٹڑیاں بناتے ہوئے 15 سے 20 سینٹی میٹر کے فاصلے پر 5سے 8سینٹی میٹر گہرا بیج اگائیں تاکہ اروی کی بمپر کراپ مل سکے۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید مشاورت یا رہنمائی کےلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔