محکمہ زراعت نے باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کے پودوں کی پیوند کاری اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 24 مارچ 2026 17:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2026ء) باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کے پودوں کی پیوند کاری کاعمل مارچ و اپریل میں مکمل کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پیوند کاری بذریعہ چشمہ یا ٹی بڈنگ اور بذریعہ گرافٹنگ کی جاسکتی ہے۔محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر ارشد چوہدری نے کہا ہے کہ جب کھٹی کے پودوں میں رس چلنا شروع ہو جائے اور اس کاچھلکا باآسانی اتر جائے تو پیوندکاری انتہائی آسانی سے کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چشمہ یاٹی بڈنگ کے ذریعے پیوندکاری کے دوران چشمہ بڑھانے سے پہلے روٹ سٹاک کے پودوں کی 30سے40سینٹی میٹر اونچائی تک چھوٹی شاخیں اتار دی جائیں اور چشمے کو شاخ سے تراشنے کے بعد اس سے لکڑی علیحد ہ کرلی جائے۔اس طرح چشمہ چھال کے اندر ٹی کٹ آسانی سے لگ جاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گریپ گروٹ، میٹھے،لیموں کے چشمے کے ساتھ کانٹا ہوتاہے اس لئے روٹ سٹاک پر ٹی کی شکل کانشان چاقو کی مدد سے بنایاجاسکتاہے جس کی لمبائی 2سے 3سینٹی میٹر ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اگر ٹی بڈنگ کے حوصلہ افزا نتائج حاصل نہ ہورہے ہوں تو ٹی گرافٹنگ سے پیوند کاری کی جاسکتی ہے لیکن اس طریقے کیلئے پیوندی لکڑی کی عمر کم از کم 3ماہ ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ پیوندی چشمہ کے علاوہ روٹ سٹاک سے پھوٹے ہوئے شگوفے کاٹتے رہناچاہیے ورنہ شگوفے بہت زیادہ بڑے ہو جائیں گے اور اس سے پیوندی چشمے کی نشو ونما پر برااثر پڑے گا۔