فیصل آباد میں نئے سیزن تک گندم کا وافر اسٹاک موجود ہے ، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک

بدھ 25 مارچ 2026 16:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2026ء) محکمہ خوراک فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان سکندر ہنجرا نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک فیصل آباد کے پاس نئے سیزن تک گندم کا وافر اسٹاک موجود ہے جس سے آٹے کی سپلائی اور قیمتوں میں استحکام رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع جن میں فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور چنیوٹ میں موجود محکمہ کے کل 46 گوداموں میں مجموعی طور پر 47180.727 میٹرک ٹن گندم موجود ہے جو کہ ایک تسلی بخش صورتحال ہے۔

(جاری ہے)

یہ اسٹاک گندم کی نئی فصل کے آنے تک ڈویژن میں آٹے کی سپلائی پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔انہوں نے بتایاکہ ضلع فیصل آباد کے گندم کے کل 16 گوداموں میں 1385.000 میٹرک ٹن، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کل 7 گوداموں میں 9147.623 میٹرک ٹن گندم جبکہ ضلع جھنگ کے 18 گندم کے گوداموں میں 29407.354 میٹرک ٹن اور ضلع چنیوٹ میں گندم کے 5 سرکاری گوداموں میں 7320.727 میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ڈویژن بھر کے سرکاری گوداموں میں واقع مجموعی طور پر 46 گندم کے گوداموں میں 47180.727 میٹرک ٹن گندم کے وافر زخائر موجود ہیں جو کہ ڈویژن بھر کے کیلئے نئی گندم کی فصل کے مارکیٹ میں آئے تک تسلی بخش ہے۔

متعلقہ عنوان :