فیصل آباد،کاشتکاروں کو گندم کا بیج سٹور کرنے سے پہلے سیڈ گریڈر سے صاف کروانے کی ہدایت

منگل 14 اپریل 2026 16:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2026ء) محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو اچھی طرح پک کر تیار اوردانہ خشک ہونے کے بعد گندم کا بیج سٹور کرنے سے قبل اسے سیڈ گریڈر کے ذریعے صاف کروانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد عدیل احمدنے بتایا ہے کہ بیج کےلئے جس کھیت کا انتخاب کیا جائے اسے ہر قسم کی جڑی بوٹیوں سے پاک ہونا چاہیے نیز بیج کےلئے رکھی گئی فصل کی کٹائی اور گہائی کے بعد اسے دوسری گندم سے بھی الگ ذخیرہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کانگیاری او ر ا کھیڑا جیسی بیماریوں سے محفوظ صحت مند بیج بہتر فصل کا ضامن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے گندم کا بیج محفوظ کرتے وقت اس پر گندم کی قسم کا نام بھی واضح طور پر درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کا بیج الگ رکھنے کےلئے تھریشننگ سے قبل تھریشر یا کمبائن ہارویسٹر کو بھی اچھی طرح صاف کر لیا جائے تاکہ بیج میں کسی قسم کی نمی یا دیگر اجزا شامل نہ ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ کاشکار اس سلسلہ میں مزید معلومات، مشاورت و رہنمائی کےلئے ماہرین زراعت کے ساتھ ساتھ محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن پر بھی صبح 8سے رات8بجے تک مفت کال کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :