کلرسیداں ،چوآخالصہ گندم پیداوار مقابلہ 2025-26، مقامی کاشتکاروں کی شاندار کامیابیاں، محکمہ زراعت کی نگرانی میں مقابلوں کا انعقاد

جمعرات 16 اپریل 2026 13:33

کلرسیداں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2026ء) کلرسیداں کے نواحی علاقے چوآخالصہ میں گندم پیداوار مقابلہ 2025/26 کے سلسلے میں شاندار زرعی سرگرمی کا انعقاد کیا گیا، جہاں تحصیل کلر سیداں کے ممتاز اور تجربہ کار کاشتکاروں نے ایک بار پھر اپنی بہترین زرعی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔یہ مقابلے ضلع راولپنڈی کی ضلعی کمیٹی کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جس کی قیادت سید شاہد افتخار بخاری نے کی جبکہ ڈویژنل کمیٹی کی ہدایات کے مطابق تمام مراحل کو شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا گیا۔

مقابلے کا بنیادی مقصد جدید زرعی طریقوں کے فروغ، فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی حوصلہ افزائی تھا۔اس سال کے مقابلے میں چوآخالصہ کے معروف کاشتکار چوہدری ابرار احمد گجر اور چوہدری وقاص احمد گجر نے ایک بار پھر اپنی اعلیٰ زرعی مہارت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار پیداوار حاصل کی، جس پر انہیں تحصیل و ڈویژنل سطح پر نمایاں کامیابیوں کے تسلسل کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گندم کی کٹائی اور پیداوار کی جانچ پڑتال محکمہ زراعت توسیع کی ماہر ٹیم کی زیر نگرانی کی گئی۔ اس موقع پر میڈم سعدیہ بانو، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع، ڈاکٹر تانیہ صفدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کلر سیداں، میڈم کیتھرین پیٹر، زراعت آفیسر فیلڈ کلر سیداں اور میڈم اسما سردار، ٹیکنیکل آفیسر محکمہ زراعت نے فصل کی پیمائش اور معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

اس موقع پر مقامی سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں شرکاء نے کاشتکاروں کی محنت، جدید زرعی تکنیک کے استعمال اور بہتر پیداوار کو سراہا۔سید شاہد افتخار بخاری نے اس موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم پیداوار مقابلے کسانوں کی حوصلہ افزائی اور جدید زرعی طریقوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات سے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ زرعی شعبہ مزید مضبوط اور خود کفیل بنے گا۔\378

متعلقہ عنوان :