ریسکیو1122کی گندم کی کٹائی کرنیوالے کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت

منگل 28 اپریل 2026 16:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2026ء) ریسکیو1122فیصل آباد نے گندم کی کٹائی کرنے والے کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو آگ مت لگائیں کیونکہ اس طرح ساتھ کھڑی فصلوں کو آگ لگنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122 انجینئر احتشام واہلہ نے بتایاکہ آج کل گندم کی کٹائی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور مختلف مقامات پر مشاہدے میں آیا ہے کہ گندم کی کٹائی کے بعد کسان اگلی فصل تیار کرنے کیلئے خالی کھیتوں میں گندم کی باقیات کو آگ لگا دیتے ہیں جس سے بڑے نقصان کا خطرہ رہتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہر سال گندم کی باقیات (ناڑ) کو آگ لگانے سے ساتھ موجود فصلیں جن کی ابھی کٹائی نہیں کی ہوتی ہوا کے ساتھ آگ کے شعلے ان ساتھ والی تیار فصلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں جس سے فصل خراب ہو جاتی ہے اور کسان کو بہت نقصان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ناڑ کو آگ لگانا قانونا ًجرم بھی ہے اسلئے کاشتکار باقیات کو آگ مت لگائیں کیونکہ اس طرح جہاں ہرسال لاکھوں روپے کا نقصان ہو جاتا ہے وہیں مفید کیڑے بھی ہلاک ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ناگہانی آفت کو نہیں روک سکتے لیکن جو آفت خود ہماری لاپروائی سے آتی ہے اس کو روکاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریسکیو 1122کے جوان ہر وقت عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاہم عوام کو بھی ان سے بھر پور تعاون کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :