باغبان اپریل کے اختتام تک آم کے باغات میں ضرورت پڑنے پر جائزہ اور سپرے جاری رکھیں

منگل 28 اپریل 2026 14:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت عامر صدیق نے کہا ہے کہ اپریل کے اختتام تک آم کے باغات میں زیادہ تر کیڑے و بیماریاں نقصان دہ حد سے نیچے آجاتی ہیں مگر باغبان ضرورت پڑنے پر جائزہ اور سپرے جاری رکھیں اور جڑی بوٹی مار زہروں سے جڑی بوٹیوں کا تدارک بھی کیاجائے تاکہ آم کے پھل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ باغبان بٹور کی کٹائی جاری رکھیں اور نائٹروجنی کھاد یوریا کی دوسری خوراک کے طور پر ایک کلو گرام فی پودا کھاد ڈالنے کے علاوہ پتوں پر چھوٹے غذائی اجزاء کا سپرے بھی کریں۔انہوں نے کہاکہ آم کے باغات میں آبپاشی کا وقفہ مناسب رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ منہ سڑی کے خلاف ضرورت کے مطابق سپرے کرنے، تنوں پر بورڈ و پیسٹ لگانے سے بھی اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چونکہ پھل کی مکھی آم کی فصل کو نقصان پہنچاتی ہے اسلئے اس کے خلاف پھندوں کا بھی مناسب انتظام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ باغبان باغات کی باقاعدہ نگرانی کریں، درختوں کی بروقت کانٹ چھانٹ کریں تاکہ ہوا اور روشنی کا بہتر گزر ہو، متاثرہ پھولوں اور شاخوں کو تلف کریں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کر کے آم کی فصل کو بڑے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے اور بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :