جامعہ زرعیہ اور اینگرو فرٹیلائزرز زرعی شعبے کو درپیش مسائل کے عملی حل کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے، پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی

بدھ 29 اپریل 2026 18:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2026ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد اور اینگرو فرٹیلائزرز باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے زرعی شعبے کو درپیش مسائل کے عملی حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے تاکہ غذائی استحکام کو یقینی بناتے ہوئے زراعت کو ایک دیرپا، پائیدار اور منافع بخش کاروباری ماڈل میں تبدیل کیا جا سکے۔ اس امر پر اتفاق جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی زیر صدارت سنڈیکیٹ روم میں منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس میں ہوا جس میں اینگرو کے وفد کی قیادت جنرل منیجر ایگرونومی انیس امین نے کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ زراعت سے وابستہ نوجوانوں کو متحرک کرنے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی کاشتکاری کو فروغ دینے کے لیے کسان فیلڈ سکولز قائم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اس طرح کے اقدامات سے پیداواری لاگت میں کمی اور پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا، جس سے زراعت کو ایک پائیدار اور منافع بخش شعبہ بنایا جا سکے گا۔

انہوں نے اکیڈمیاں اور صنعت کے درمیان خلا کو کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ تحقیق و ترقی کے منصوبے شروع کیے جائیں جو عملی مصنوعات، طلبہ کی تحقیق کی معاونت اور سٹارٹ اپس کے مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ زرعیہ نے جدید زرعی ٹیکنالوجی میں ڈپلومہ کا اجراء کیا ہے اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز زیرغور ہیں تاکہ نوجوانوں کو صنعت سے متعلق مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔

اینگرو فرٹیلائزرز کے جنرل منیجر نے اینگرو لرننگ سینٹر کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مرکز نے 1,750 سے زائد سرگرمیاں منعقد کی ہیں جن میں سٹیک ہولڈرز سے روابط، کاشتکار اجتماعات، تربیتی ورکشاپس اور طلبہ کی انٹرن شپس شامل ہیں جبکہ جامعہ زرعیہ کے ماہرین کے ساتھ مختلف منصوبوں پر تعاون بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے جس کے علاقائی اثرات نہایت گہرے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اینگرو اعلیٰ معیار کی یوریا اور بائیو فرٹیلائزرز کی پیداوار کے ذریعے کھاد کی درآمدات میں کمی لانے کے لیے کوشاں ہے، جس سے فصلوں کی پیداوار اور کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔ اینگرو ٹیم میں ڈاکٹر سید شاہد حسین شاہ (ڈپٹی منیجر آر اینڈ ڈی)، اعجاز احمد (ڈپٹی منیجر ریگولیٹری افیئرز) شامل تھے جبکہ جامعہ زرعیہ کی جانب سے ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ خاں، ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے بھی شرکت کی۔