کمشنر سرگودھا ڈویژن کی زیر صدارت "ڈویژنل سٹریٹجک ریزروز مینجمنٹ کمیٹی" کا اجلاس، گندم خریداری مہم کی مجموعی صورتحال کا جائزہ

جمعرات 30 اپریل 2026 22:36

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژنل سٹریٹجک ریزروزمینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کی خریداری مہم کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ مظہر حسین بلوچ نے گندم خریداری کے اہداف، اب تک کی پیشرفت اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ہدایت کی کہ مقررہ ٹارگٹس کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسانوں کو ان کی گندم کی بروقت اور شفاف خریداری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے مزید زور دیا کہ خریداری مراکز پر انتظامات کو بہتر بنایا جائے، باردانہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور کسانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنی اپنی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے واضح کیا کہ گندم کی خریداری کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور تیزی کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔