جہانگیر ترین نے ترین ڈائگناسٹک سنٹر کا افتتاح کر دیا،مزید مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان

گھر کی دہلیز پر صحت کی سہولت دینا اولین ذمہ داری ،عوام کو معیاری اور مفت تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں گی‘گفتگو

جمعہ 1 مئی 2026 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) جہانگیر ترین نے ’’ترین ڈائگناسٹک سنٹر‘‘کا افتتاح کردیا،یہ مرکز ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، جہاں عوام کو معیاری اور مفت تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق جہانگیر خان ترین نے چک نمبر 12ایم پی آر میں ترین ڈائگناسٹک سنٹر کا افتتاح کردیا۔

یہ سنٹر ایل پی پی کے زیر انتظام چلایا جائے گا۔ اس موقع پر لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جہانگیر خان ترین نے کہا کہ صحت کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور ایک صحت مند قوم ہی مضبوط مستقبل کی ضامن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہیلتھ سنٹر کا بنیادی مقصد عوام کو معیاری، بروقت اور سستی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ہم سمجھتے ہیں کہ عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر صحت کی سہولت دینا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر جہانگیر خان ترین نے ترین ڈائگناسٹک سنٹر میں مزید اہم ٹیسٹوںکی فراہمی، ایکسرے کی ڈیجیٹلائزیشن، مفت ادویات کی دستیابی اور جدید مشینری کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ سی ای او لودھراں پائلٹ پراجیکٹ ڈاکٹر عبدالصبور نے کہا کہ ترین ڈائگناسٹک سنٹر میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ الٹراسانڈ، ایکسرے، ہیموگلوبن ٹیسٹ، ہیپاٹائٹس (HBsAg، HCV) ٹیسٹ، ای سی جی، شوگر ٹیسٹ، ملیریا ٹیسٹ، حمل کا ٹیسٹ اور مکمل پیشاب ٹیسٹ کی سہولیات مفت میسر ہونگی۔

یہ سہولیات اہلیان لودھراں باالخصوص روانی، لاہوری، 49/M، واہی سلامت رائے، چک ہمتا، سمرا، سگوان اور میران پور کے رہائشیوں کے لیے دستیاب ہوں گی۔ مزید برآں، سال 2026ء کے دوران مختلف طبی کیمپس بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں ماں و بچے کی صحت، بریسٹ اسکریننگ، ENT اسپیشلسٹ اور کارڈیک کیمپس شامل ہیں۔اسی مرکز میں مصنوعی اعضا کی مرمت کی ورکشاپ بھی قائم کر دی گئی ہے، جہاں مصنوعی اعضا کی مرمت کا عمل باقاعدگی سے جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :